introduction

 

                    پولیس کا ادارہ عوام الناس کے جان  و مال  کے تحفظ ، جرائم کی روک تھام و تفتیش ، سیکورٹی ، لاء اینڈ آرڈر اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کا ذمہ دار ہے۔ ان امور کو خوش اسلوبی اور منظم طریقہ سے سر انجام دینے کیلئے ایک ایک یکساں اور مربوط لائحہ عمل کا ہونا ضروری ہے۔ تا کہ پولیس اہلکاروں کو اس بات کا اچھی طرح ادراک ہو کہ اُنہوں نے پیش آمدہ صورت حال کے مطابق کس وقت اور کس صورت حال میں کیا اور کیسے کرنا ہے یعنی (What to do and how to do)

                   بدیں سلسلہ قبل ازیں اس امر کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریجنل پولیس آفس ملتان سے مختلف اوقات میں (Standard Operation Procedures)SOPs جاری ہوتے رہے ہیں تا ہم اس امر کی ضرورت شدت سے محسوس کی گئی کہ ان SOPs کا دائرہ پولیس ورکنگ کے تمام پہلووں تک پھیلایا جائے۔ جس سے ایک طرف تو تفتیشی افسران کو دوران تفتیش و دیگر ڈیوٹی ہائے ضروری رہنمائی حاصل ہو اور ساتھ ہی سپروائزری افسران کو بھی اس بات کا علم ہو سکے کہ انہوں نے دوران انسپکشن کیا چیز چیک کرنی ہے۔ اس سلسلہ میں زیر دستخطی کی زیر نگرانی ایک کمیٹی بنائی گئی۔ جس میں ڈی ایس پی لیگل، آر پی آفس ، آے ڈی آئی جی، آر پی او ،ملتان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر  ، آرپی او آفس، اور ریڈر ،  پرائیویٹ سیکرٹری ،آر پی او  آفس ملتان شامل تھے۔ جنہوں نے پولیس ورکنگ کی موثر انجام دہی کیلئے ضروری SOPs مرتب کیں۔ ان SOPs کو نوعیت کے لحاظ سے تین حصوں یعنی آپریشن ، سیکورٹی ، ایڈمنسٹریشن میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان SOPs کو مزید مربوط شکل میں ڈھالنے کیلئے ریجن کے تمام اضلاع کے ضلعی پولیس سربراہان  کی رائے بھی حاصل کی گئی۔ جس میں پولیس ورکنگ کے متعلق SOPs کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا گیا اور اپنی اپنی تجاویز پیش کی گئیں۔ ان SOPs کو دستیاب وسائل درپیش مسائل و مشکلات اور زمینی حقائق کے قریب لانے کیلئے ریجن کے تمام اضلاع کے تجربہ کار SHOs، محرران اور لائن سٹاف کی آراء سے بھی استفادہ حاصل کیا گیا۔ مرتب شدہ SOPs کو قانون و ضابطہ اور پولیس رولز کے مطابق ڈھالنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے تمام SOPs کا بغور جائزہ لیا اور اس بات کو یقنی بنایا کہ ان SOPs کے تمام اجزاء قانون کے مطابق ہوں۔

                   ان SOPs کا اجرا ء پولیس عملی ورکنگ کو قوانین کی روشنی میں بہتر بنانے اور اس میں یکسانیت لانے کیلئے ایک معمولی  کوشش ہے ۔ مستقبل میں درپیش حالات و واقعات کے پیش نظر تجربہ کار پولیس افسران کی ایک کمیٹی زیر نگرانی آرپی او صاحب ، ملتان ہر 06 ماہ بعد ان SOPs کو ریویو (Review) کرے گی اور اس میں ضروری ترامیم کرے گی۔ اس تمام عمل کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عوام سے بہتر رابطے کے ذریعے ان کے جان و مال کا تحفظ ، بہترین سیکورٹی انتظامات اور جرائم پیشہ عناصر کا مکمل سدباب کیا جاسکے۔

 

سلطان اعظم تیموری

ریجنل پولیس آفیسر، ملتان